Thursday, September 17

فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی میں علاقائی صورتحال پر گفتگو

Field Marshal Asim Munir, Iranian FM Araghchi Discuss Regional Situation

اسلام آباد، 17 ستمبر 2026 (کامران راجہ): ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دورۂ بیجنگ کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، یہ ٹیلی فونک رابطہ ایسے وقت میں ہوا جب عباس عراقچی چین کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی اور علاقائی سلامتی اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر بات چیت کی، وانگ یی سے ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے کہا کہ ایران نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کی کوششوں کے تحت ہمسایہ ممالک کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات اور مضبوط روابط کے لیے کام کر رہی ہے، ادھر چین نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کریں اور بامعنی مذاکرات کی جانب واپس آئیں، وانگ یی نے کہا کہ بیجنگ نہیں چاہتا کہ کشیدگی میں اضافہ ہو یا یہ یمن اور بحیرۂ احمر سمیت دیگر علاقوں تک پھیلے، چینی وزیر خارجہ نے واشنگٹن اور تہران پر زور دیا کہ وہ زیرِ التوا معاملات پر بامعنی مذاکرات کریں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت کی بنیاد پر مذاکراتی عمل بحال کرنے کی کوشش کریں، وانگ یی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔