اسلام آباد، 7 اگست 2026 (نوشین): صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان قابلِ تجدید توانائی، پائیدار ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، تجارت اور ہنر مندی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور مشترکہ اقتصادی ترقی کو فروغ ملے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار سویڈن کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی سے ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے نامزد سفیر کو تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور سویڈن کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کثیرالجہتی تعاون، قواعد پر مبنی عالمی نظام، انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے حوالے سے یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، سویڈن کو ایک اہم اقتصادی و تجارتی شراکت دار اور یورپی یونین، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
دوطرفہ تجارت میں حالیہ اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور ادارہ جاتی شراکت داری کے ذریعے فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان شعبوں میں تعاون کے فروغ سے جدت، سرمایہ کاری اور انسانی وسائل کی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ نامزد سفیر سویڈن میں مقیم پاکستانی برادری کے ساتھ قریبی روابط استوار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی سویڈن کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اس کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان، سویڈن کے ساتھ سفارتی روابط، اقتصادی تعاون، تعلیمی شراکت داری اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنا کر دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔
