
اسلام آباد، 7 ستمبر 2026 (غفران): صدر مملکت آصف علی زرداری برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد منگل 8 ستمبر کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے فرانس کا طے شدہ دو روزہ دورہ ملتوی کرتے ہوئے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر کے پاکستان سے روانہ ہونے کے بعد حکومت کے اندر ممکنہ اختلافات کے حوالے سے قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں، تاہم وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے ان اطلاعات کو مسترد کیا کہ صدر ناراضی کے باعث ملک سے باہر گئے تھے۔ رانا ثناء اللہ نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ وزیر داخلہ محسن رضا نقوی صدر زرداری کو واپس لانے کے لیے برطانیہ گئے تھے۔ ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور صدر زرداری کے درمیان ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں کیونکہ وزیر داخلہ اکثر صدر سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صدر سے وزیر داخلہ کی ملاقات پر اعتراض کی کوئی وجہ نہیں، جبکہ صدر زرداری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ برطانیہ گئے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محسن نقوی پہلے ہی پاکستان واپس آچکے ہیں اور وزیراعظم ہاؤس میں حکام سے ملاقاتیں بھی کرچکے ہیں۔