Sunday, October 18

سلمان خان کا اپنے بیڈروم میں نادیدہ قوت کی موجودگی کا انکشاف

Salman Khan Reveals Mysterious Presence in His Bedroom

ممبئی، 18 اکتوبر 2026 (نوشین): بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اپنے بیڈروم میں ایک نادیدہ وجود کی موجودگی کا احساس ہوتا تھا۔ اداکار نے کئی غیر معمولی واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان تجربات نے انہیں خوف زدہ کرنے کے بجائے حیرت میں مبتلا کیے رکھا۔ سلمان خان نے فلم ساز اور پروڈیوسر کرن جوہر کے پروگرام میں شرکت کے دوران فلمی دنیا سے متعلق ماضی کے کئی واقعات یاد کیے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بیڈروم میں کبھی خود کو اکیلا محسوس نہیں کرتے تھے کیونکہ وہاں کسی کی موجودگی کا احساس ہوتا تھا، حالانکہ انہوں نے اس پراسرار وجود کو کبھی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا تھا اور صرف اس کے بارے میں سنا تھا۔ اداکار کے مطابق جب بھی وہ کمرے سے باہر نکلتے تو بتیاں خود بخود جلنے اور بجھنے لگتیں، الماریاں خود کھل جاتیں اور میوزک سسٹم بھی کسی کے چلائے بغیر بجنے لگتا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب وہ باتھ روم میں ہوتے تو انہیں باہر کسی کی موجودگی محسوس ہوتی، جیسے کوئی الماریوں کے دروازے کھول رہا ہو۔ کرن جوہر نے جب ان سے پوچھا کہ کیا ان کے کمرے میں جنات موجود تھے تو سلمان خان نے کہا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ وہ کوئی جن یا مافوق الفطرت قوت تھی، تاہم انہیں بار بار اپنے اردگرد کسی کی موجودگی کا احساس ضرور ہوتا تھا۔ ان غیر معمولی واقعات کے باوجود اداکار نے کہا کہ وہ کبھی زیادہ خوف زدہ نہیں ہوئے کیونکہ اس نادیدہ وجود نے انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔ گفتگو کے دوران مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ ان کی اس نادیدہ وجود سے صرف یہی درخواست تھی کہ اگر وہ واقعی کوئی خوبصورت عورت ہے تو ان کے سامنے آ جائے۔