سرگرم خوردہ سرمایہ کاروں اور مالیاتی منڈیوں کا مستقبل
14 سینٹر برائے ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز، اسلام آباد کے مشیر برائے اقتصادی امور و قومی ترقی، ڈاکٹر عثمان چوہان اور پروفیسرسوین وان کیرکہوون کی مشترکہ ترمیم شدہ کتاب ‘ایکٹیوسٹ ریٹیل انویسٹرز اینڈ دی فیوچر آف فنانشل مارکیٹس’ کی ورچوئل رونمائی کی تقریب سینٹر برائے ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز میں منعقد ہوئی۔ یہ کتاب روٹلیج، برطانیہ نے شائع کی ہے۔
اس تقریب میں سینٹر برائے ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی ٹیم اور محققین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کو ایک کامیاب منصوبے کے اختتام کے طور پر خاصی پذیرائی ملی جس میں 5 براعظموں کے 14 مصنفین جن میں معاشیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سماجیات، قانون، ثقافتی علوم، پبلک ایڈمنسٹریشن جیسے شعبوں کے مصنفین شامل تھے نے حصہ لیا۔ 14 ابواب پر مشتمل یہ والیم مقررین کی آراء اور موضوع کا متعدد زاویوں سے ایک جامع تجزیہ پیش کرتا ہے جو یقینی طور پر سرگرم خوردہ سرمایہ کاروں کے موضوع پر ایک تاریخی متن کے طور پر گردانا جائے گا۔
اس تقریب میں کتاب کے چھ مصنفین نے مقررین کی حیثیت سے حصہ لیا جن میں ڈاکٹر عثمان چوہان (پاکستان)، پروفیسر سوین وان کیرکہوون (بیلجیم)، پروفیسر شان او ڈبگھیل (آئرلینڈ)، ڈاکٹر ایلکر السان (سوئٹزرلینڈ)، ڈاکٹر سکاٹ ٹمکے (جنوبی افریقہ) اور پروفیسر نزان پیکن (امریکہ) شامل تھے۔ کتاب کے ایڈیٹرز نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تقریب میں حصہ لینے والے مصنفین کا عالمی دائرہ کار اگرچہ چیلنجنگ تھا مگر اس نے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا ایک بہترین موقع فراہم کیا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ کتاب اپنے کثیر الشعبہ نقطہ نظر کی بدولت ادبی علوم میں ایک بہترین اشتراک ہے۔
کتاب کا ایک اہم سبق یہ ہے کہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں سرگرم خوردہ سرمایہ کار ایک دیرپا اور اہم جزو رہیں گے اور حالیہ واقعات جیسے کہ 2023ء کے بینکنگ بحران نے خوردہ سرمایہ کاروں کے اس ڈیجیٹل دور میں ایک قوت نو کے طور پر ابھرنے سے متعلق، ایڈیٹرز کی رائے کو مزید مستحکم کیا ہے۔
کتاب کے کچھ ابواب (مثلاً تحفظ اطفال) پہلے ہی قوانین میں پالیسی کے طور پر بروے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ بقیہ ابواب،(مثلاً، نظام مخالف سیاست، مالی انسدادِ بالادستی وغیرہ) نئے تجزیوں کے ذریعے پہلے سے موجود علوم کو تقویت دے رہے ہیں لہٰذا، ترمیم شدہ کتاب متعدد ادبیات کے ساتھ ساتھ خصوصی سامعین کے لیے پالیسی انپٹ کے طور پر بھی بھرپور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
صدر سینٹر برائے ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز، ایئر مارشل (ریٹائرڈ) فرحت حسین خان نے ترمیم شدہ جلد میں مصنفین کے تعاون کو سراہا اور اس وسیع دائرہ کار کے پروجیکٹ کے لیے باہمی تعاون کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اسے ادارتی وژن دینے پر ڈاکٹر چوہان اور ڈاکٹر وان کیرکہوون کی تعریف کی۔ انہوں نے موجودہ عالمی ماحول میں سرگرم خوردہ سرمایہ کاروں کی مسلسل پذیرائی پر بھی تبصرہ کیا اور اعلیٰ تحقیق کے حصول میں سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے کردار کو اجاگر کیا۔
ایڈیٹر : ارسلان