
اسلام آباد، 10 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کی ٹینس کمیونٹی، کاروباری شخصیات، ترقیاتی شراکت داروں اور صحت کے شعبے سے وابستہ اداروں نے اسلام آباد میں ریلی 4 ہر سی لیول لیڈرشپ میٹ میں شرکت کی، جس کا مقصد کینسر سے آگاہی اور علاج کے لیے اجتماعی تعاون کو مضبوط بنانا اور پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے فروغ کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ مووِن پک ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں مختلف اداروں کے صدور، چیف ایگزیکٹو افسران، سینئر کارپوریٹ عہدیداران، مارکیٹنگ و کمیونیکیشن ماہرین، میڈیا نمائندگان، صحت کے ماہرین اور ترقیاتی شعبے سے وابستہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کی قیادت پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کی، جنہوں نے ریلی 4 ہر متعارف کرائی۔ یہ مہم 37°نارتھ کی جانب سے تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی خواتین کی ٹینس کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے کینسر سے آگاہی و علاج اور خواتین کی ٹینس کے فروغ کے لیے کارپوریٹ اور عوامی تعاون متحرک کرنا ہے۔ مہم کے تحت جمع ہونے والی رقم کا 60 فیصد کینسر سے آگاہی اور علاج جبکہ 40 فیصد پاکستان میں خواتین کی ٹینس کی ترقی کے لیے مختص کیا جائے گا۔
انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک اور پنک ربن پاکستان نے مہم میں بطور شراکت دار شمولیت اختیار کی ہے، جبکہ مووِن پک ہوٹل اسلام آباد اس اقدام کے اہم شراکت دار اور سی لیول اجلاس کے میزبان کے طور پر تعاون کر رہا ہے۔ کچن کزن بھی ریلی 4 ہر کا مہم پارٹنر ہے۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے اداروں، بشمول یونیسف اور اقوام متحدہ کے اطلاعاتی مرکز کے سینئر نمائندگان نے بھی شرکت کی، جس سے خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنے، صحت سے متعلق آگاہی اور مضبوط معاشرے کے فروغ میں شراکت داری کی اہمیت اجاگر ہوئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعصام الحق قریشی نے کہا کہ ریلی 4 ہر کو صرف ٹینس ٹورنامنٹ یا ایک مرتبہ کی فنڈ ریزنگ مہم تک محدود رکھنے کے بجائے ایسا پلیٹ فارم بنایا گیا ہے جہاں کھیل، کاروبار، صحت، سفارت کاری اور معاشرہ مل کر قابلِ پیمائش نتائج کے لیے کام کرسکیں۔ یہ مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے لیے اہم بین الاقوامی سرگرمیوں کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ اسلام آباد اکتوبر میں دو آئی ٹی ایف ڈبلیو 15 ویمنز ورلڈ ٹینس ٹورنامنٹس کے بعد بلی جین کنگ کپ ایشیا/اوشیانا گروپ تھری کی میزبانی کرے گا۔ ان بین الاقوامی مقابلوں میں خواتین کھلاڑی اور قومی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، جس سے کھیلوں میں خواتین کی شرکت، کینسر سے آگاہی و علاج اور اجتماعی ذمہ داری کے حوالے سے قومی سطح پر گفتگو کو فروغ دینے کا موقع ملے گا۔ سی لیول لیڈرشپ میٹ میں کارپوریٹ سیکٹر، ترقیاتی اداروں، مخیر حضرات اور ادارہ جاتی رہنماؤں پر زور دیا گیا کہ وہ صرف اسپانسرز کے طور پر نہیں بلکہ دیرپا اثرات پیدا کرنے کے لیے شراکت دار کی حیثیت سے اس مہم کا حصہ بنیں۔ ریلی 4 ہر کا مقصد کھیل کی مقبولیت اور اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے فنڈز جمع کرنا، آگاہی بڑھانا اور پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے لیے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہے، جس کا پیغام ’’پوائنٹس فار پرپز‘‘ ہے۔