Wednesday, November 11

رسل برانڈ کی سابقہ گرل فرینڈ جمیما گولڈ اسمتھ کا سزا کے بعد ان پر تشدد اور بدسلوکی کے الزاما

Russell Brand’s Ex-Girlfriend Jemima Goldsmith Accuses Him of Abuse and Coercive Behaviour Following His Conviction

لندن، 11 نومبر 2026 (غفران): برطانوی کامیڈین رسل برانڈ کی سابقہ گرل فرینڈ جمیما گولڈ اسمتھ نے ان پر تعلقات کے دوران تشدد، جبر کے ذریعے قابو رکھنے اور بدسلوکی کے الزامات عائد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ 2014 میں ایک مبینہ پرتشدد واقعے کے بعد انہوں نے پولیس کو گھر بلایا تھا۔ جمیما گولڈ اسمتھ نے پیر کو سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ وہ 2014 کے دوران تقریباً ایک سال تک رسل برانڈ کے ساتھ تعلقات میں رہیں اور ایک موقع پر انہیں اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس سے رابطہ کیا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 52 سالہ جمیما کے مطابق اس وقت ان کے نوعمر بچوں پر میڈیا کی توجہ اور اس کے ممکنہ اثرات کے باعث انہوں نے مقدمہ درج کرانے سے گریز کیا۔ انہوں نے رسل برانڈ کے خلاف فوجداری مقدمے میں گواہی دینے والی خواتین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی اور اطمینان ہے کہ بالآخر ملزم کو انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔ 51 سالہ رسل برانڈ کو پیر کے روز 2004 سے 2009 کے درمیان چار خواتین کے ساتھ زیادتی اور جنسی حملوں کے الزامات میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ تاہم انہیں زیادتی کے دو دیگر الزامات اور غیر اخلاقی حملے کی کوشش کے ایک الزام سے بری کر دیا گیا۔ جمیما نے کہا کہ انہوں نے 2014 کے بعد سے رسل برانڈ سے نہ ملاقات کی اور نہ ہی کوئی بات چیت کی، تاہم ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرنے والے صحافیوں کی معاونت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صحافیوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا تو وہ رسل برانڈ کے مبینہ رویے کے حوالے سے گواہی دینے کے لیے بھی تیار تھیں۔ اپنے بیان میں جمیما نے 2015 میں ان سے، رسل برانڈ اور سلویا برکی نامی خاتون سے متعلق عدالتی حکم امتناع کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق سلویا برکی جون 2014 میں رسل برانڈ کو مساج دینے کے لیے ان کے گھر آئی تھیں، تاہم جمیما کے گھر پہنچنے کے بعد یہ معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔ جمیما کے مطابق برکی نے بعد میں الزام لگایا تھا کہ گھر سے جاتے ہوئے رسل برانڈ نے انہیں دھکا دیا، تاہم جمیما کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود کوئی نامناسب واقعہ نہیں دیکھا اور پولیس نے ان کا بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا تھا کہ کارروائی کے لیے کوئی مقدمہ نہیں بنتا۔ جمیما نے مزید دعویٰ کیا کہ برکی نے بعد ازاں انہیں دھمکی آمیز اور یہود مخالف پیغامات بھی بھیجے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم امتناع سے متعلق حالیہ میڈیا کوریج کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر بدسلوکی اور تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔