Tuesday, September 29

خیبر پختونخوا، بلوچستان میں کارروائیاں، سیکیورٹی فورسز کا 7 دہشت گرد ہلاک کرنے کا دعویٰ

Seven Militants Killed in Separate KP, Balochistan Operations

کوئٹہ، 29 ستمبر، 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران باڑہ میں ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے منسلک 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ کارروائی کے دوران ان کی پناہ گاہیں بھی تباہ کردی گئیں۔ بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچا میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے نوکچا میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگائی اور فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گرد این-40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتش زنی کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں مبینہ طور پر ملوث 11 دہشت گرد 31 اگست کو بھی ہلاک کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔