Wednesday, September 16

حارث رؤف کی پریذیڈنٹ ٹرافی میں پانچ وکٹوں کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر نظریں

Haris Rauf Eyes Test Return After Five-Wicket Haul in President’s Trophy

اسلام آباد، 16 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی جانب سے شاندار آغاز کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے خلاف ابتدائی راؤنڈ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے، 32 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے پاکستان کی جانب سے صرف ایک ٹیسٹ میچ کھیلا ہے، انہوں نے دسمبر 2022 میں راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جہاں فیلڈنگ کے دوران کواڈ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہونے سے قبل انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی اور صرف 13 اوورز کرائے، اس کے بعد سے حارث رؤف پاکستان کی ریڈ بال ٹیم کا حصہ نہیں بنے، پی ٹی وی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ چار روزہ کرکٹ میں واپسی کا بنیادی مقصد ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری اور پاکستان کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق خدمات انجام دینا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت فاسٹ بولرز کی ضرورت ہے اور آئندہ ہوم ٹیسٹ میچز کے پیش نظر وہ طویل فارمیٹ کے لیے خود کو دستیاب رکھنے کی پوری کوشش کریں گے، پاکستان کی اگلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز ہے جس میں ملٹی فارمیٹ مقابلوں کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے تحت دو ٹیسٹ میچز بھی شامل ہیں، پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔