
اسلام آباد، 23 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور چین کی دوستی ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے جا رہی ہے، جہاں پاکستانی خلا باز چین کے شین ژو-24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں روانہ ہوگا۔ شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں خلائی جہاز کی روانگی سے قبل کامیاب مشق مکمل کر لی گئی، جس میں تینوں خلا بازوں نے تمام آپریشنز درستگی اور اعتماد کے ساتھ انجام دیے۔ چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی عہدیدار ژو لو کے مطابق مشترکہ مشق کے دوران تمام خلا بازوں نے اپنی ذمہ داریاں کامیابی سے پوری کیں۔ تربیت مکمل ہونے کے بعد دو پاکستانی خلا بازوں میں سے ایک کو حتمی طور پر منتخب کیا جائے گا، جو چین کے شین ژو-24 خلائی جہاز کے ذریعے خلائی سفر کرے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پہلے پاکستانی خلا باز کی روانگی کی تقریب میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ دونوں پاکستانی خلا باز امیدواروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ احسن اقبال نے اس خلائی مشن کو قوم کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا بازوں کی خلائی پرواز ملک کے نوجوانوں کے خوابوں کو خلا تک پہنچانے کی علامت ہے۔