Monday, August 10

جنگلاتی آگ پھیلنے کے بعد انڈونیشیا نے ماؤنٹ برومو نیشنل پارک بند کر دیا

جکارتہ، 09 اگست، 2026 (غفران): انڈونیشیا نے مشرقی جاوا میں واقع ماؤنٹ برومو نیشنل پارک تک تمام رسائی بند کر دی ہے، جہاں آتش فشاں کے کیلڈیرا کے علاقے میں پیر سے لگی جنگلاتی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔پارک انتظامیہ نے ہفتے کی شب اعلان کیا کہ تمام سیاحتی سرگرمیاں ہفتے کی شام سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔ماؤنٹ برومو میں لگی آگ اب تک تقریباً 176 ہیکٹر (435 ایکڑ) رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ ماؤنٹ برومو ایک فعال آتش فشاں اور انڈونیشیا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جو اپنے وسیع و عریض ’’ریت کے سمندر‘‘ پر مشتمل کیلڈیرا کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ جمعرات کو آگ سے متاثرہ رقبہ تقریباً 60 ہیکٹر بتایا گیا تھا، جو اب نمایاں طور پر بڑھ چکا ہے۔پارک انتظامیہ نے کہا کہ سیاحوں، عملے اور قریبی علاقوں میں رہنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پارک کو بند کرنا ضروری تھا۔ جن سیاحوں نے پہلے سے داخلے کے ٹکٹ خرید رکھے ہیں، انہیں اپنے دورے کی تاریخ تبدیل کرنے یا رقم واپس لینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

دریں اثنا، مشرقی جاوا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے آگ پر قابو پانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ حکام نے آگ بجھانے کے لیے پانی برسانے والے ہیلی کاپٹرز اور پانی چھڑکنے والے ڈرونز بھی کارروائیوں میں شامل کر لیے ہیں۔پارک انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیوز میں رات کے وقت پہاڑی ڈھلوانوں پر آگ کے شعلے پھیلتے ہوئے دکھائی دیے۔حکام نے تاحال جنگلاتی آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں کیا، تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ماؤنٹ برومو مشرقی جاوا کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے، جہاں انڈونیشیا اور دنیا بھر سے سیاح آتش فشانی مناظر، طلوعِ آفتاب کے دلکش نظاروں اور منفرد ’’ریت کے سمندر‘‘ پر مشتمل کیلڈیرا دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔