
راولپنڈی، 31 جولائی 2026 (کامران راجہ): جمہوریہ بیلاروس کے چیف آف دی جنرل اسٹاف اور فرسٹ ڈپٹی وزیرِ دفاع میجر جنرل پاویل مراویکو کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، این آئی، این آئی (ایم)، ٹی بی ٹی سے ملاقات کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے معزز مہمان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، بالخصوص دفاعی تعاون کے فروغ اور پاکستان و بیلاروس کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دفاع، بحری سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں طویل المدتی اور ہمہ جہت شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ میجر جنرل پاویل مراویکو نے علاقائی بحری سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، کاوشوں اور عزم کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی روابط اور تعاون کو مزید وسعت دے کر دفاعی شراکت داری کو نئی جہت دی جائے گی۔