Saturday, November 21

مکالے کلکن کی نئی فلم ’ہوم الون‘ میں واپسی کی تیاریاں، اسکرپٹ لکھنے میں بھی حصہ لیں گے

Macaulay Culkin Reportedly Set to Return for New ‘Home Alone’ Film

لاس اینجلس، 21 نومبر 2026 (نوشین): معروف اداکار مکالے کلکن کے مقبول فلمی سلسلے ’ہوم الون‘ کی نئی فلم میں کیون میکالسٹر کے مشہور کردار میں واپسی کا امکان ہے، جبکہ وہ فلم کا اسکرپٹ لکھنے والی ٹیم کا حصہ بھی ہوں گے۔ امریکی جریدے ’پک‘ کی رپورٹ کے مطابق مکالے کلکن فلم کے پروڈیوسرز سیتھ روزن اور ایون گولڈبرگ کے ساتھ مل کر اسکرپٹ پر کام کریں گے۔ یہ پیش رفت اداکار کے نومبر میں دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس کردار میں دوبارہ اداکاری کے لیے تیار ہیں، تاہم کہانی کا معیار ان کے لیے اہم ہوگا۔ کلکن نے اس وقت فلم کے ممکنہ پلاٹ کا خیال بھی پیش کیا تھا، جس کے مطابق کیون اب بڑا ہو چکا ہوگا اور ممکنہ طور پر بیوہ یا طلاق یافتہ ہوگا، جبکہ اس کا ایک بیٹا بھی ہوگا جو کام کو خاندان پر ترجیح دینے کے باعث اپنے والد سے ناراض ہوگا۔ اداکار کے تصور کے مطابق کہانی میں کرداروں کی پوزیشن بدل جائے گی اور اس بار کیون کا بیٹا اسے گھر میں داخل نہیں ہونے دے گا بلکہ اس کے لیے مختلف جال بچھائے گا۔ مکالے کلکن کو پہلی دو ’ہوم الون‘ فلموں میں کیون میکالسٹر کا کردار ادا کرنے کے بعد عالمی شہرت حاصل ہوئی تھی، جن میں وہ چوروں سے اپنے گھر کو بچانے کے لیے دلچسپ اور انوکھے جال استعمال کرتا ہے۔ نئی فلم کی اطلاعات نے کرسمس کی اس مقبول فلم کے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کردیا ہے، تاہم منصوبے کی مزید تفصیلات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔ دوسری جانب اصل فلم کے ہدایت کار کرس کولمبس کا خیال ہے کہ اس فلمی سلسلے کو مزید آگے بڑھانے کے بجائے یہیں چھوڑ دینا چاہیے۔