Saturday, August 15

برطانیہ میں ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ، پاکستان نے 13 تمغے جیت لیے

لندن، 15 اگست 2026 (کامران راجہ) : پاکستان نے برطانیہ کے شہر بسلی میں ہونے والی ساتویں ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 تمغے جیت لیے، جن میں 4 طلائی، 4 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کا آغاز 12 اگست کو ہوا، جس میں 24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز نے شرکت کی۔ مقابلوں کے پہلے مرحلے میں 12 اور 13 اگست کو 800، 900 اور 1,000 گز کے فاصلے پر انفرادی مقابلے منعقد ہوئے۔ چیمپئن شپ میں ایف ٹی آر کیٹیگری میں پاکستان نے سب سے زیادہ تمغے حاصل کیے، جو ملک کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ پاکستان گزشتہ صرف تین سال سے بین الاقوامی ایف کلاس مقابلوں میں شرکت کر رہا ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے پاکستان کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ سپاہی محمد ولید نے ایک طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ انڈر 25 کیٹیگری میں حذیفہ گل نے 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے، جبکہ احسن گل نے مزید ایک کانسی کا تمغہ پاکستان کے نام کیا۔ پاکستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ 7 پاکستانی شوٹرز ٹاپ 100 کھلاڑیوں میں شامل ہونے میں کامیاب رہے۔