Thursday, October 15

برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم کا مانچسٹر سٹی کے ساتھ روابط کی تفصیلات جاری کرنے کا اعلان

UK PM Andy Burnham to Publish Details of Dealings with Manchester City

لندن، 12 اکتوبر 2026 (نوشین): برطانوی وزیر اعظم اینڈی برنہم نے اعلان کیا ہے کہ وہ مانچسٹر سٹی فٹ بال کلب کے ساتھ اپنے روابط اور ملاقاتوں کی تفصیلات جاری کریں گے۔ یہ اعلان اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس فیصلے پر تنقید کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کلب کو پریمیئر لیگ کے مالیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔ مانچسٹر سٹی نے رواں ماہ کے آغاز میں آزاد کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی تاکہ فیصلے کو کالعدم قرار دلوایا جا سکے اور ممکنہ سخت سزاؤں سے بچا جا سکے۔ پریمیئر لیگ کے مطابق کلب نے مبینہ طور پر جعلی تجارتی معاہدوں کے ذریعے اپنی آمدنی بڑھا چڑھا کر ظاہر کی اور اخراجات کم دکھائے، جن کی مالیت 900 ملین پاؤنڈ سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ مانچسٹر سٹی نے ابتدا سے ہی کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کمیشن کے فیصلے میں واضح اور اہم غلطیوں کا دعویٰ کیا ہے۔ لبرل ڈیموکریٹس نے حال ہی میں اینڈی برنہم سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مانچسٹر سٹی کے مالکان، ابوظہبی کے نمائندوں یا متعلقہ اداروں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سامنے لائیں۔ کنزرویٹو پارٹی کی رہنما کیمی بیڈناک نے بھی حکومت سے برنہم اور کلب کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان ملاقاتوں کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پوڈکاسٹ ’’دی ریسٹ از پولیٹکس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے برنہم نے کہا کہ وہ گریٹر مانچسٹر کے میئر کی حیثیت سے اپنے سابقہ دور میں کلب کے ساتھ ہونے والے رابطوں اور سرگرمیوں کی تفصیلات جاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔ برنہم مئی 2017 سے جون 2026 تک گریٹر مانچسٹر کے میئر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلب کے ساتھ ان کی ملاقاتیں حالیہ نہیں ہیں اور ان کے بقول 2021 میں صرف ایک اہم ملاقات ہوئی تھی۔ ستمبر میں برنہم نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ خلاف ورزیوں کے فیصلے کے بعد مانچسٹر سٹی کے مالکان کلب فروخت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کلب کے مالکان کو جدید مانچسٹر کی تعمیر و ترقی اور مانچسٹر سٹی کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں اہم شراکت دار قرار دیا تھا۔