Sunday, October 4

اے یو ایف کا ستمبر میں 102 طالبان اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ

AUF Claims 102 Taliban Personnel Killed in September Operations

کابل، 4 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ (اے یو ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ستمبر کے دوران طالبان حکومت کے خلاف 68 کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 102 طالبان اہلکار ہلاک اور 48 زخمی ہوئے۔ گروپ کے مطابق قندھار، بدخشان، بغلان، ہلمند، زابل، پکتیا اور مزار شریف میں طالبان کی سکیورٹی، انٹیلی جنس اور انتظامی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے افغانستان کے مختلف صوبوں میں مزاحمتی کارروائیوں کے دائرہ کار میں اضافے کی عکاسی ہوتی ہے۔ یونائیٹڈ فرنٹ نے قندھار کے ضلع ارغنداب کے علاقے سربند میں طالبان کے خلاف مبینہ کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی اور دعویٰ کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے طالبان کے ایک پولیس افسر کو ہلاک کیا۔ گروپ نے ہفتہ 3 اکتوبر کو ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی جمعہ 2 اکتوبر کو کی گئی اور اس میں طالبان کا ایک رکن ہلاک ہوا۔ تاہم جاری کی گئی ویڈیو میں حملہ یا کسی لاش کو نہیں دکھایا گیا، جبکہ طالبان حکام نے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اے یو ایف کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز نے گزشتہ دو ماہ کے دوران افغانستان کے 19 صوبوں میں کارروائیاں کیں، جن میں 102 طالبان ارکان ہلاک اور 45 زخمی ہوئے، جبکہ زیادہ تر مبینہ حملے جنوبی صوبوں خصوصاً قندھار اور ہلمند میں کیے گئے۔