
:لاہور – 07 اگست 2026 (کامران راجہ): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور زون کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت آصف مرتضیٰ، اعجاز محمود اور محمد ارشد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کو لاہور اور سیالکوٹ میں کی گئی مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق ملزم آصف مرتضیٰ الحرم ٹیکنیکل ٹریڈ اینڈ ٹریننگ سینٹر کے نام پر غیر قانونی ویزا ایجنٹ آفس چلا رہا تھا۔ ملزم بغیر لائسنس بیرون ملک نوکریوں کا جھانسہ دے کر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کر رہا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 18 پاکستانی پاسپورٹ اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کی گئیں۔جبکہ ملزمان اعجاز محمود اور محمد ارشد پر الزام ہے کہ انہوں نے درخواست گزار کے بیٹے کو لیبیا کے راستے یورپ بھجوانے کی کوشش کی، جو تاحال لاپتہ ہے۔ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔