
تہران، 4 اکتوبر 2026 (غفران): ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ کے تجربے سے سبق سیکھیں اور تہران کی شرائط تسلیم کریں۔ ایک بیان میں حسین محبی نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ تنازع کے دوران اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے جبکہ جنگ کے دوران امریکا کو معاشی اور سیاسی مشکلات کا سامنا رہا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکی حکومت کی بنیادی ترجیح امریکی عوام کے بجائے اسرائیل ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے ٹرمپ کی ’’امریکا فرسٹ‘‘ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے امریکی مفادات کو ترجیح دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب اسرائیل کو فوقیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکی فوج ایسے ممالک کے خلاف کامیابی سے جنگ نہیں لڑ سکتی جن کے پاس پینٹاگون کے مقابلے میں وسائل کا ایک معمولی حصہ موجود ہو۔ حسین محبی نے کہا کہ اگر واشنگٹن آگے بڑھنا چاہتا ہے تو ٹرمپ کو ایران کے ساتھ تنازع سے سبق سیکھتے ہوئے تہران کی شرائط تسلیم کرنی چاہئیں۔ ان کے یہ بیانات تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئے ہیں، جہاں دونوں فریق تنازع اور اس کے ممکنہ حل کے حوالے سے مختلف مؤقف رکھتے ہیں۔