![]()
تہران، 4 اگست 2026 (غفران): ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے مستعفی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور اپنی ذمہ داریاں پوری ثابت قدمی سے انجام دیتے رہیں گے۔ صدر پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر وہ کبھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کریں گے تو اس کا باضابطہ اعلان خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے استعفے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد ملک میں انتشار اور غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے ان دعوؤں کو بھی مسترد کیا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت میں کسی قسم کے اختلافات موجود ہیں۔ صدر نے کہا کہ بعض عناصر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سپریم لیڈر ایک بات کرتے ہیں جبکہ دیگر حکام دوسری، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ صدر پزشکیان نے زور دیتے ہوئے کہا، “ہم مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور رابطے میں ہیں۔” انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایرانی قیادت قومی مفادات، استحکام اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد اور یکجہت ہے، اور حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری قوت کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔