
اسلام آباد، 18 نومبر 2026 (غفران): ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فوجی ڈرونز نے کویت میں علی السالم ایئر بیس پر امریکی فوجی تنصیبات اور ہتھیاروں کے نظام کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق بدھ کی صبح ایرانی فوجی ڈرونز نے کویت کے علی السالم ایئر بیس پر پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور امریکی فوج کے ڈرون و میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا۔ یہ بیان کویتی فوج کی جانب سے بدھ کی صبح دشمن ڈرونز کے خلاف فضائی دفاعی نظام فعال ہونے کی اطلاع کے بعد سامنے آیا۔ کویتی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے کہا کہ علاقے میں سنی جانے والی کسی بھی دھماکے کی آواز فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو روکنے کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب کویت نے ایران کے مسلسل حملوں، خصوصاً تازہ ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ کویتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ وزارت نے خبردار کیا کہ حملوں کا تسلسل خطے میں خطرناک کشیدگی کو جنم دے سکتا ہے، علاقائی سلامتی کو متاثر کر سکتا ہے اور کشیدگی میں کمی کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ کویت نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی خودمختاری، سلامتی، سرزمین اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق بھی محفوظ رکھنے کا اعلان کیا۔ دوسری جانب امریکی بحریہ کے قائم مقام سیکریٹری ہنگ کاؤ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے باعث گولہ بارود کی قلت کے دوران امریکی بحریہ زائد المیعاد ٹوماہاک میزائل بھی استعمال کر رہی ہے۔ منگل کو توثیقی سماعت کے دوران ہنگ کاؤ نے سینیٹرز کو بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان آٹھ ماہ سے جاری تنازع نے بحریہ کے وسائل پر شدید دباؤ ڈالا ہے، جبکہ جنگ کے اخراجات، ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی اور فوجی اہلکاروں کی طویل تعیناتی بھی اہم خدشات ہیں۔ 2021 میں فعال فوجی سروس سے ریٹائر ہونے والے ہنگ کاؤ نے کہا کہ ماضی میں امریکا سالانہ تقریباً 125 ٹوماہاک میزائل تیار کرتا تھا، تاہم اب ان کی پیداوار بڑھا کر ماہانہ 60 سے زائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحریہ کے میزائل روکنے والے نظاموں کی تیاری میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔