Sunday, August 2

امریکہ میں پاکستان کے سفیر کی پاکستانی ہوم ٹیکسٹائل صنعت سے مشاورت، برآمدات بڑھانے پر زور

نیویارک، 31 جولائی 2026 (نوشین): امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکہ میں قائم پاکستانی ہوم ٹیکسٹائل کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے اور امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیویارک میں پاکستان کے قونصل خانے میں ہونے والے اجلاس میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کاؤنسلر عدنان محمود اعوان اور امریکہ میں کام کرنے والی معروف پاکستانی ہوم ٹیکسٹائل کمپنیوں ڈی ایل آئی، یونس ٹیکسٹائل ملز، اسکائی ہوم یو ایس اے اور سوئس اینڈ اسکاٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے امریکی منڈی میں پاکستان کی ہوم ٹیکسٹائل برآمدات کو درپیش اہم چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر بجلی کے بلند نرخ، خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مراعات اور برآمدی شعبے کی مسابقت بڑھانے کے لیے مستقل اور پائیدار حکومتی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پاکستان برآمد کنندگان کی بھرپور معاونت اور ملکی برآمدی شعبے کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے صنعتی نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنی مشترکہ سفارشات مرتب کرکے حکومتِ پاکستان کو ارسال کریں تاکہ متعلقہ حکام ان پر غور کر سکیں۔ اجلاس میں ہوم ٹیکسٹائل مارکیٹ ویک 2026 کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ایونٹ پاکستانی ہوم ٹیکسٹائل مصنوعات کی عالمی سطح پر مؤثر نمائش اور امریکی خریداروں کے ساتھ نئے تجارتی روابط استوار کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ سفیر پاکستان نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے صنعت سے مسلسل رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے کی جانب سے پاکستانی کاروباری برادری کو فراہم کی جانے والی مسلسل معاونت کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر عالمی ہوم ٹیکسٹائل مارکیٹ میں پاکستان کے مؤثر کردار اور موجودگی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔