Sunday, September 13

اسلام آباد پولیس کی بروقت کارروائی، تاوان کے لیے اغوا غیر ملکی شہری بحفاظت بازیاب

Islamabad Police Recover Foreign National Safely in Swift Operation, Arrest Eight Suspects

اسلام آباد، 12 ستمبر 2026 (کامران راجہ): اسلام آباد پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جسے سیکٹر جی-8 سے اسلحہ کے زور پر اغوا کرکے رہائی کے بدلے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا گیا تھا۔ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے ایس پی سٹی محمد خرم اشرف کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں، جنہوں نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور تھانہ سہالہ کی حدود سے مغوی غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے اغوا میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے دوران واردات دیگر اسٹاف سے بھی اسلحہ کے زور پر نقدی، قیمتی موبائل فونز اور دیگر اشیاء چھین لی تھیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں بالخصوص غیر ملکی باشندوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اغوا برائے تاوان کی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے جان و مال کے تحفظa اور جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔