Monday, August 10

اسحاق ڈار اور کویتی وزیر خارجہ کا علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد، 10 اگست 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اتوار کی رات کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، بالخصوص مقبوضہ مشرقی یروشلم کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو مبارکباد پیش کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر شیخ جراح کے حالیہ دورۂ پاکستان کے حوالے سے پیش رفت اور اہم شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی گئی۔دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔