Tuesday, November 3

اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ کا دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

Ishaq Dar, Singaporean Foreign Minister Agree to Strengthen Bilateral Cooperation

اسلام آباد، 30 اکتوبر 2026 (نوشین): سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویئن بالاکرشنن سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی منعقد ہوئے۔ ملاقات میں پاکستان اور سنگاپور کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اپنے سنگاپورین ہم منصب کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے دورے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان سنگاپور کی آزادی کے بعد اسے تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل تھا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈاکٹر ویویئن بالاکرشنن کا دورہ تقریباً دو دہائیوں بعد کسی سنگاپورین وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی روابط بڑھانے، سفارتی تعلقات کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے باقاعدہ سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ہائی کمیشن سنگاپور میں تجارت و سرمایہ کاری کے دفتر کی دوبارہ فعالیت کا بھی اعلان کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ کے لیے اہم اقدام قرار دیا۔ فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور قریبی سفارتی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔