Wednesday, August 12

ارشد ندیم نے لوزان ڈائمنڈ لیگ سے دستبرداری اختیار کرلی

لاہور12 اگست 2026 (غفران): اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور پاکستان کے معروف جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے بیرون ملک ٹریننگ کے منصوبے کے باعث رواں ماہ ہونے والی لوزان ڈائمنڈ لیگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ارشد ندیم اس وقت لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز کے بعد بیرون ملک ٹریننگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اب لوزان ڈائمنڈ لیگ میں حصہ لینے کے بجائے اپنی تیاریوں پر توجہ مرکوز کریں گے۔

ارشد ندیم کو 21 اگست کو ہونے والی لوزان ڈائمنڈ لیگ کی انٹری لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے اور جنوبی افریقہ کے شہر پوچفسٹروم میں ٹریننگ کریں گے۔ارشد ندیم جنوبی افریقہ میں دو ہفتے ٹریننگ کریں گے، جس کے بعد وہ 6 سے 14 ستمبر تک بڈاپسٹ میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔اس کے بعد ارشد ندیم ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ارشد ندیم اس سے قبل بھی دو مرتبہ جنوبی افریقہ میں ٹریننگ کر چکے ہیں۔ ویزا ملنے کے بعد وہ پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے