Wednesday, November 18

اردن: چرچ پر مہلک حملے کے الزام میں تین ملزمان کو سزائے موت

Jordan Sentences Three Men to Death Over Deadly Church Attack

اسلام آباد، 15 نومبر 2026 (کامران راجہ): اردن کی ریاستی سکیورٹی عدالت نے گزشتہ ماہ جنوبی صوبے کرک میں چرچ پر حملے کے الزام میں تین افراد کو سزائے موت سنا دی، حملے میں 9 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوئے تھے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی پیٹرا کے مطابق عدالت نے ملزمان کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے ہلاکتیں کرنے، دہشت گردی کے مقاصد کے لیے اسلحہ و گولہ بارود رکھنے اور ایک دہشت گرد تنظیم کے نظریات کی تشہیر سمیت مختلف الزامات میں مجرم قرار دیا۔ فیصلے کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے جبکہ اس کا سپریم کورٹ میں خودکار طور پر جائزہ بھی لیا جائے گا۔ واقعہ 23 اکتوبر کو حمود گاؤں کے ایک یونانی آرتھوڈوکس چرچ میں پیش آیا تھا، جہاں مسلح افراد نے نمازِ جنازہ کے دوران فائرنگ کر دی تھی۔ سکیورٹی فورسز نے 26 اکتوبر کو کرک میں ایک خالی مکان پر کارروائی کے دوران تینوں ملزمان کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کیا تھا، جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد اردن نے جنوبی شام میں ان گروہوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے بھی کیے جنہیں چرچ حملے سے منسلک قرار دیا گیا تھا۔ شامی حکام کے مطابق ان حملوں میں تین بچوں اور ایک خاتون سمیت سات افراد ہلاک ہوئے۔ اردن نے بعد ازاں شام میں شہریوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کیا اور دونوں ممالک نے واقعے کی تحقیقات اور اس کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ سکیورٹی کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا۔