Wednesday, October 14

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: معاذ صداقت اور سلمان مرزا کی نمایاں ترقی

Maaz Sadaqat, Salman Mirza Make Significant Gains in Latest ICC T20 Rankings

دبئی، 14 اکتوبر 2026 (غفران): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستان کے معاذ صداقت اور سلمان مرزا نے اپنی اپنی کیٹیگریز میں نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں بھارت کے ایشان کشن پہلے اور ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ پاکستان کے ابھرتے ہوئے بلے باز معاذ صداقت نے 187 درجے ترقی کرتے ہوئے 45ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ دوسری جانب صائم ایوب چار درجے تنزلی کے بعد 42ویں نمبر پر آگئے، جبکہ حسن نواز تین درجے نیچے آکر 52ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور انگلینڈ کے عادل رشید ایک ایک درجہ ترقی کرکے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آگئے۔ پاکستان کے سلمان مرزا نے نو درجے ترقی کرتے ہوئے 14ویں پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ صائم ایوب آٹھ درجے بہتری کے بعد 54ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ تاہم سفیان مقیم تین درجے تنزلی کے بعد 53ویں پوزیشن پر آگئے۔ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ پاکستان کے صائم ایوب دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر روسٹن چیز دو درجے ترقی کرکے تیسری پوزیشن پر آگئے۔ آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، خصوصاً معاذ صداقت اور سلمان مرزا نے اپنی کارکردگی کی بدولت قابلِ ذکر ترقی حاصل کی ہے۔