آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دوران چین کے مسلسل تعاون پر شکر گزار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا چین کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب
اسلام آباد۔19ستمبر :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دوران چین کی جانب سے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر شکر گزار ہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد سے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات سمیت باہمی مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چین کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کی حکومت اور عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کا یوم تاسیس منانا خوش آئند ہے، چین دنیا کی سپر پاور ہے، دنیا اس کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، حالیہ دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کی جانب سے گرمجوش خیر مقدم پر شکر گزار ہوں۔ دونوں ممالک کے تعلقات ناقابل تسخیر اور اٹوٹ ہیں۔...