مون سون میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے جامع اور موثر اقدامات کئے جائیں گے. مون سون میں ممکنہ سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کے لئے خصوصی امدادی کیمپ قائم کئے جائیں گے ۔
وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے تبدیلی موسمیات وماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ آئندہ مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے جامع موثر اور مشترکہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ان جامع موثر اور مشترکہ اقدامات کا مقصد ممکنہ سیلاب کے متاثرین اور معیشت پر اس کے اثرات کو کم کرنا ہے۔ وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ وزارت اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کے لئے ایک اشتراکی پلیٹ فارم کا کام کرے گی تاکہ ممکنہ سیلاب کے خطرے کا اندازہ لگا کر متاثرہ عوام اور معیشت پر اس کے اثرات کو کم کرنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جا سکے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک مربوط موثر اور مشترکہ حکمت عملی کا مقصد ممکنہ سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے لئے سرکاری محکموں کے فوری ردعمل کو یقینی بنانا ہے اس حوالے سے حکومت اپنی پالیسی میں انتہائی سنجیدہ ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق صرف جون میں وزارت نے گلوبل وارمنگ اور گرمی کی لہروں کے حوالے سے ہفتہ وار ٹاسک فورس کے تین اجلاس بلائے ۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، وزارت تبدیلی موسمیات و ماحولیات، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور وزارت اطلاعات و نشریات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ان مشترکہ اجلاسوں کا مقصد ممکنہ سیلاب کے عوام اور معیشت پر اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے فوری مربوط اور موثر اقدامات اٹھانے کے لئے محکموں کی مہارت اور معلومات کے اشتراک کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر نے اپنے جاری بیان میں مزید کہا کہ ممکنہ سیلاب سے متاثرہ افراد اور خاندانوں کی حفاظت اور امداد کے لئے ان کیمپوں میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور ان کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی، طبی سامان اور جانوروں کی دیکھ بحال کے لئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بیان کے مطابق ریلیف کیمپس ایسے مقامات پر قائم کئے جائیں گے جہاں عوام باآسانی پناہ حاصل کرنے کے لئے پہنچ سکیں جبکہ ان ریلیف کیمپوں کے بارے میں مختلف ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر تشہیر بھی کی جائے گی۔ وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے اپنے بیان میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام پر بھی زور دیا اور کہا کہ درخت ماحولیاتی نظام قائم رکھنے اور سیلاب کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اس لئے ان کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام کی موثر نگرانی کی جائے۔
Editor: Kamran Raja