Wednesday, November 25

غزہ میں موسلادھار بارشوں سے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے متاثر ہونے کا خدشہ، انسانی بحران مزید سنگین

Heavy Rains Threaten Thousands of Displaced Palestinians in Gaza as Humanitarian Crisis Deepens

اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (غفران): غزہ میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں سرد موسم اور موسلادھار بارشوں کے باعث مزید اضافہ ہوگیا ہے، جہاں ہزاروں عارضی پناہ گاہوں اور مہاجر کیمپوں کو سیلابی صورتحال کا خطرہ لاحق ہے۔ غزہ میونسپلٹیز یونین نے خبردار کیا ہے کہ تقریباً ایک ہزار عارضی پناہ گاہیں اور کیمپ زیر آب آسکتے ہیں، جبکہ دو ہزار کے قریب عمارتیں منہدم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق غزہ میں موجود تقریباً دو لاکھ خستہ حال خیموں کو فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، جس پر عالمی برادری سے بے گھر افراد کے لیے رہائش اور ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی تقریباً 65 فیصد آبادی، یعنی 14 لاکھ فلسطینی، خیموں اور دیگر عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث ہزاروں فلسطینی ایک بار پھر اپنے عارضی ٹھکانے چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 18 نومبر کو جاری کیے گئے انخلا کے احکامات کے بعد بدھ کے روز تقریباً چھ ہزار افراد نے نقل مکانی کی۔ اطلاعات کے مطابق متعدد خاندان فائرنگ کے واقعات اور واپسی کے راستوں پر عدم تحفظ کے باعث اپنا سامان چھوڑ کر محفوظ مقامات کی تلاش میں نکل گئے۔ بے گھر افراد نے بتایا کہ بار بار نقل مکانی کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کئی خاندانوں کے پاس سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑے، بستر اور کمبل بھی موجود نہیں۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک 1600 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔