Wednesday, November 25

فلسطینی طالب علم کی گرفتاری کے خلاف یروشلم میں احتجاج، 200 سے زائد افراد کا رہائی کا مطالبہ

Over 200 Protest in Jerusalem Against Detention of Palestinian University Student

اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (نوشین): مقبوضہ مشرقی یروشلم میں فلسطینی یونیورسٹی طالب علم مہدی تونسی کی گرفتاری کے خلاف 200 سے زائد طلبہ، اساتذہ اور سماجی کارکن عدالت کے باہر جمع ہوئے اور اس کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ 26 سالہ مہدی تونسی عبرانی یونیورسٹی کا طالب علم ہے جسے رواں ماہ کے آغاز میں اسرائیلی پولیس نے یونیورسٹی کے ہاسٹل سے گرفتار کیا تھا۔ منگل کے روز اسے ویڈیو لنک کے ذریعے مشرقی یروشلم کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اسرائیلی حکام نے اسے انتظامی حراست میں رکھنے کی درخواست کی۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی حکام مہدی تونسی کو اس کی فلسطینی شناخت اور سیاسی و سماجی خیالات کے اظہار کی وجہ سے نشانہ بنا رہے ہیں۔ اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیموں اسٹینڈنگ ٹوگیدر اور عیر عمیم نے بھی اس کی رہائی کے مطالبے کی حمایت کی۔ اسرائیلی قانون کے تحت فلسطینیوں کو بغیر فردِ جرم عائد کیے یا مقدمہ چلائے چھ ماہ تک انتظامی حراست میں رکھا جاسکتا ہے، جبکہ اس مدت میں بار بار توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ ساتھی طلبہ کا کہنا تھا کہ مہدی تونسی کو الزامات سے آگاہ کیے بغیر گرفتار کیا گیا۔ اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیم ہاموکید کے مطابق اکتوبر میں اسرائیلی جیلوں میں 3,100 سے زائد فلسطینی انتظامی حراست میں تھے، جو 7 اکتوبر 2023 سے قبل کی تعداد کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔