
نئی دہلی، 21 نومبر 2026 (کامران راجہ): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے کے فورم کے موقع پر تاجکستان اور ایران کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی ثقافتی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پاکستان ہائی کمیشن انڈیا کے مطابق ڈاکٹر مصدق ملک نے تاجکستان کی وزیر ثقافت ستوریون امون زادہ سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عوامی سطح پر روابط کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ ایک علیحدہ ملاقات میں انہوں نے ایران کی اسلامی ثقافت و تعلقات کی تنظیم کے صدر محمد مہدی ایمان پور سے بھی تبادلہ خیال کیا، جس کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے برادرانہ روابط کو تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نئی دہلی کے تاریخی مقام پرانا قلعہ پہنچے، جہاں ایس سی او کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم کا دوسرا روز جاری تھا۔ اس سے قبل انہوں نے اس فورم کو کثیرالجہتی مکالمے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ثقافتیں اور تہذیبیں جغرافیائی سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ فورم مشترکہ تاریخ، جغرافیے، ثقافت اور تہذیبی روابط پر تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ دورہ مئی 2023 میں گوا میں ہونے والے ایس سی او اجلاس میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی شرکت کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے دو سال قبل بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ پاکستان اس وقت 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی گردشی صدارت سنبھالے ہوئے ہے اور تنظیم کا سربراہی اجلاس اگست 2027 میں اسلام آباد میں منعقد کرنے کا شیڈول ہے۔