Saturday, November 21

مریم نواز سے نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے وفد کی ملاقات، پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ

Maryam Nawaz Briefs National Security Workshop Delegation on Punjab's Development Initiatives

لاہور، 21 نومبر 2026 (نوشین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ میں شریک وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کو پنجاب حکومت کی کارکردگی، انتظامی اصلاحات اور عوامی خدمت کے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبائی انتظامی امور اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے سیاسی وابستگی اور سفارش سے بالاتر ہو کر میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور حکومت ایسا نظام قائم کرنا چاہتی ہے جہاں کسی شہری کو اپنا جائز کام کروانے کے لیے سفارش یا اثر و رسوخ کی ضرورت نہ پڑے۔ خواتین کے کردار اور بااختیار بنانے کے حوالے سے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین کو محض نمائشی حیثیت دینے کے بجائے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے، پاکستانی خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، اس لیے فرسودہ سوچ اور روایات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے پنجاب میں گڈ گورننس اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ سے ملاقات کو مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ اس موقع پر وفد کو پنجاب کے مختلف شہروں کے مطالعاتی دورے کرنے کی دعوت بھی دی گئی۔ ملاقات کے اختتام پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یادگاری سووینئر پیش کیا، جبکہ وزیراعلیٰ اور وفد کے ارکان نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔