Wednesday, November 18

وزیراعظم شہباز شریف کی بندرگاہوں اور نیشنل شپنگ کارپوریشن میں اصلاحات اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی بندر گاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور پر اجلاس

اسلام آباد، 18 نومبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ملک کی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں تجارتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے بحری شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی میں بندرگاہوں کا اہم کردار ہے، پاکستان کو خطے کا ایک بڑا تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔ وزیراعظم نے بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل، کلیئرنس اور دیگر آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے۔ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ ادارے کو جدید، مستحکم اور عالمی معیار کے مطابق مسابقتی بنانے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ملکی درآمدات اور برآمدات کے لیے اپنی شپنگ سہولیات کو فروغ دیا جا سکے گا۔ اجلاس کو پی این ایس سی میں مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ادارے کے لیے بزنس ڈویلپمنٹ پلان تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت بحری بیڑے میں توسیع اور انسانی وسائل کے انتظام کو بہتر بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اصلاحاتی منصوبے کا بنیادی مقصد 2030 تک پاکستان کی سمندری کارگو کی استعداد کار کو دنیا کے بہترین معیار کے مطابق بنانا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظفر اقبال، ارکان قومی اسمبلی محمد فاروق ستار اور عبدالقادر پٹیل سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔