Wednesday, November 18

اوکاڑہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا کارندہ بارودی مواد سمیت گرفتار

CTD Arrests Suspected RAW Operative with Explosives in Okara

ساہیوال، 18 نومبر 2026 (کامران راجہ): کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کا مبینہ منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ (را) کے ایک مبینہ کارندے کو بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد سید عدنان علی کے نام سے ہوئی ہے، جو راولپنڈی کا رہائشی ہے۔ ملزم کو اوکاڑہ میں راؤ سکندر اقبال روڈ پر واقع پام سٹی کے مرکزی دروازے کے قریب ایک کامیاب کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا، جہاں وہ مبینہ طور پر دہشت گردی کی واردات کے لیے بارودی مواد سمیت موجود تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم کے قبضے سے 1,953 گرام وزنی دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) برآمد کیا گیا، جس میں ڈیٹونیٹر، سرکٹ، بیٹریاں اور وائرنگ نصب تھی۔ اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور برآمد ہونے والے دھماکا خیز مواد کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا، جس سے علاقے کو ممکنہ بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔