
راولپنڈی، 18 نومبر 2026 (کامران راجہ): پاک فوج نے فتح-3 سپرسانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس ہے اور سپرسانک رفتار سے طویل فاصلے پر اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فتح-3 کی شمولیت سے پاک فوج کے راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیت، لچک اور ہدف تک رسائی کے دائرے میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ملک کی روایتی دفاعی صلاحیت اور ڈیٹرنس مزید مضبوط ہوں گے۔ میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح-3 کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس اہم کامیابی میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی لگن، محنت اور عزم کو سراہا اور ملکی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر ان کی خدمات کی تعریف کی۔**