Thursday, November 19

ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ایران کی جانب سے ڈرٹی بم یا کیمیائی حملے کی منصوبہ بندی کا خدشہ، امریکی انٹیلی جنس کا انتباہ

US Intelligence Warns of Possible Iranian Dirty Bomb or Chemical Attack Plot Targeting Trump Officials

اسلام آباد، 17 نومبر 2026 (غفران): امریکی انٹیلی جنس اداروں نے مبینہ طور پر ایسے شواہد کا پتا لگایا ہے جن کے مطابق ایران واشنگٹن ڈی سی میں ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے تابکار ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال پر غور کر رہا ہے۔ سی این این نے انٹیلی جنس سے واقف سات امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان اطلاعات کے بعد امریکی حکومت میں سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے، تاہم حکام میں اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا ایران کے پاس ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت اور ارادہ موجود ہے یا نہیں۔ انٹیلی جنس سے واقف ذرائع کے مطابق ایران کی سرگرمیاں فوری حملے کی تیاری کے بجائے ممکنہ کارروائیوں کے منصوبوں پر غور کرنے سے متعلق ہیں، تاہم دو ذرائع نے دعویٰ کیا کہ امریکی دارالحکومت میں مخصوص مقامات اور ممکنہ اہداف کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے کہا کہ انتظامیہ تمام ممکنہ خطرات کی نگرانی کر رہی ہے، تاہم اس وقت امریکی سرزمین کو کوئی قابلِ اعتبار فوری خطرہ درپیش نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد گزشتہ ہفتے امریکی حکام کے متعدد اجلاس بھی ہوئے جن میں ممکنہ ردعمل اور حفاظتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ سی این این کے مطابق ایران سے منسلک دھمکیوں کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو گزشتہ ہفتے فوجی رہائش گاہ منتقل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے ایرانی مشن نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی صورت میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو ناجائز سمجھتا ہے۔ پینٹاگون نے اس معاملے پر سوالات ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر کو بھیج دیے، جس نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ سی این این کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ادارے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجی اہلکاروں کے خلاف ایران کی جانب سے ممکنہ کیمیائی حملے کے خدشات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، جس کے پیش نظر خطے میں امریکی سفارتی اور انٹیلی جنس عملے کو حفاظتی آلات اور ضروری تربیت فراہم کرنے کے لیے الگ ہنگامی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ بعض امریکی حکام نے اس حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ آیا امریکی فوجی کیمیائی حملے سے نمٹنے کے لیے مناسب آلات اور تربیت رکھتے ہیں یا نہیں۔ یہ اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہیں اور دونوں ممالک امریکی ناکہ بندی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جنگ بندی کی شرائط پر اختلافات کا شکار ہیں۔ ایک علاقائی ذریعے نے سی این این کو بتایا کہ آئندہ چند ہفتے مذاکرات کے حوالے سے انتہائی اہم ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ ایران کے سخت گیر عناصر اور معاہدے کے مخالف دیگر حلقے سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔