
واشنگٹن، 17 نومبر 2026 (کامران راجہ): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان علاقائی سلامتی کے خطرات اور مبینہ فوجی حملوں سے متعلق متضاد دعوؤں کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ منگل کو منیلا میں جاپان، بھارت اور آسٹریلیا کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران ٹرمپ نے زور دیا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سی این این کی اس رپورٹ کو مسترد کر دیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تہران واشنگٹن میں ڈرٹی بم دھماکہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بقائی نے ایران کے خلاف جارحیت کے ذمہ دار عناصر پر الزام عائد کیا کہ وہ من گھڑت الزامات کے ذریعے اپنے اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لیے میڈیا میں بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں نیویارک ٹائمز اور سی این این کی حالیہ رپورٹس کا بھی حوالہ دیا۔ ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بحرین میں ایک فوجی اڈے پر امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے سے متعلق ایرانی فوج کے دعوے کو مسترد کر دیا۔ سینٹ کام کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی جانب سے بحرین کی طرف بھیجے گئے متعدد یک طرفہ حملہ آور ڈرونز کو راستے میں ہی روک لیا گیا، جبکہ امریکی فوجی سازوسامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی امریکی اہلکار زخمی ہوئے۔ متضاد بیانات سے خطے میں ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایک دوسرے پر سکیورٹی خطرات سے متعلق الزامات کی عکاسی ہوتی ہے۔