
لاہور، 17 نومبر 2026 (نوشین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے تمام دیہات میں بنیادی سہولیات اور ترقیاتی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے آغاز کے لیے 44 روز کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت دیہات کی ترقی اور منصوبہ بندی کی ذمہ داری مقامی آبادی کو سونپی جائے گی تاکہ گاؤں کے رہائشی اپنی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے فیصلے خود کر سکیں۔ منصوبے میں پکی گلیوں کی تعمیر، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، گندے پانی کے اخراج کے لیے جوہڑوں کی تعمیر اور دیہات میں شمسی توانائی سے چلنے والی اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب شامل ہے۔ ترقیاتی سرگرمیاں کوآپریٹو سوسائٹیز کے ماڈل کے تحت مکمل کی جائیں گی، جس کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ پروگرام پر عمل درآمد میں سہولت کے لیے پنجاب میں 29 سال بعد کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ ہر کوآپریٹو سوسائٹی کے انتظامی امور چلانے کے لیے پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایک ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔ ان سوسائٹیز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت ہر گاؤں کی ترقی کی ذمہ داری وہاں کے اپنے لوگوں کو دینا چاہتی ہے تاکہ رہائشی کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں براہ راست فیصلے کر سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں ترقی کے عمل کو پائیدار، مؤثر اور عوامی شمولیت پر مبنی بنانا ہے۔