
پشاور، 17 نومبر 2026 (کامران راجہ): خیبر پختونخوا پولیس نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کو ڈی ایس پی عمران الدین کی شہادت کا بدلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن 11 نومبر کو کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد کیا گیا، جس میں پولیس کے جوان شہید ہوئے تھے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت افغان شہری کے طور پر کر لی گئی ہے، جبکہ دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق شناخت کیے گئے افغان دہشت گرد کی ایک پرانی تصویر بھی سامنے آئی ہے، جس میں وہ کابل میں افغان طالبان کے ایک سرغنہ کے ذاتی محافظ کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ دیگر ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے پس منظر کا تعین کرنے کے لیے دستیاب تصاویر اور معلومات کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ اس کارروائی کے دوران سامنے آنے والے شواہد خیبر پختونخوا میں غیر قانونی کان کنی، جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد نیٹ ورکس کے مبینہ روابط کی تحقیقات میں اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔ پولیس اور سکیورٹی ادارے علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔