Thursday, November 19

کرسٹیانو رونالڈو کے بیٹے کا پرتگال کی انڈر 17 ٹیم میں ڈیبیو، اینڈورا کو 4-0 سے شکست

Cristiano Ronaldo Jr Makes Portugal Under-17 Debut in 4-0 Victory Over Andorra

اسلام آباد، 16 نومبر 2026 (نوشین): پرتگال کے معروف فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے بیٹے کرسٹیانو جونیئر نے قومی انڈر 17 فٹ بال ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کر لیا ہے، جسے ان کے فٹ بال کیریئر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ 16 سالہ کرسٹیانو جونیئر نے 2027 یورپی انڈر 17 چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ مقابلے میں اینڈورا کے خلاف متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں قدم رکھا، جہاں پرتگال نے 4-0 سے کامیابی حاصل کی۔ کرسٹیانو جونیئر 73ویں منٹ میں میدان میں آئے اور میچ کے آخری تقریباً 20 منٹ کھیلے۔ وہ 88ویں منٹ میں گول کرنے کے قریب بھی پہنچے، تاہم ان کا ہیڈر گول پوسٹ کے قریب سے گزر گیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پرتگال کی سینئر قومی ٹیم کے متعدد کھلاڑی، جن میں وٹینہ، روبن نیوس، گونچالو راموس اور ژاؤ فیلکس شامل تھے، بھی نوجوان کھلاڑیوں کا میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ وہ اپنی تربیتی نشست سے قبل یہ مقابلہ دیکھنے پہنچے تھے۔ کرسٹیانو جونیئر اس سے قبل پرتگال کی انڈر 15 اور انڈر 16 ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں اور دونوں عمر کے گروپس میں مجموعی طور پر 13 میچ کھیل چکے ہیں۔ ان کی انڈر 17 ٹیم میں شمولیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پرتگال 2027 یورپی چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ نوجوان فٹ بالر نے اپنے کیریئر کا آغاز سعودی عرب کے کلب النصر کی یوتھ ٹیم سے کیا تھا، جبکہ اس سے قبل وہ مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس کی یوتھ اکیڈمیوں کا بھی حصہ رہ چکے ہیں، جہاں ان کے والد کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے مختلف ادوار گزارے۔