
اسلام آباد، 16 نومبر 2026 (غفران): پاکستان اتوار کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، اعلیٰ حکام اور علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ پاکستان 2026-27 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالتے ہوئے تجارت، ٹرانسپورٹ، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دے گا۔ اجلاس میں اسلام آباد اعلامیے کی منظوری اور ای سی او وژن 2035 کی توثیق متوقع ہے، جو علاقائی روابط، اقتصادی انضمام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے دس سالہ نیا لائحہ عمل فراہم کرے گا۔ پاکستان ای سی او تجارتی معاہدے (ایکوٹا) اور ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک معاہدے (ٹی ٹی ایف اے) پر پیش رفت کے لیے بھی کوشش کرے گا تاکہ علاقائی تجارت کو آسان بنانے اور سرحد پار آمدورفت بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔ اجلاس میں پاکستان کو علاقائی رابطوں کے مرکز کے طور پر اجاگر کیا جائے گا، خصوصاً مجوزہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کے تناظر میں۔ ازبکستان، تاجکستان، کرغزستان، آذربائیجان اور قازقستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی معاہدوں کی بنیاد پر پاکستان ای سی او کے شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارت میں اضافے، ٹرانزٹ نظام کو مؤثر بنانے اور علاقائی سپلائی چینز کو مضبوط کرنے کے لیے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کرے گا۔ ای سی او کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان ماضی میں بھی کئی اہم سربراہی اجلاسوں اور وزارتی کانفرنسوں کی میزبانی کر چکا ہے اور اس وقت بھی تنظیم کے متعدد ادارے پاکستان میں قائم ہیں۔ پاکستان کے سفیر اسد مجید خان 2027 تک ای سی او کے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ حکام کے مطابق وزرائے کونسل کا یہ اجلاس پاکستان کے سفارتی کردار کو مزید مستحکم کرنے، علاقائی ممالک کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے اور مستقبل میں ہونے والے ای سی او اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاسوں سمیت اہم بین الاقوامی سرگرمیوں کی تیاری کے لیے اہم موقع ثابت ہوگا۔