Thursday, November 19

کراچی میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، کالعدم ایس ایل اے کے دو مبینہ کارندے گرفتار

CTD FOILS MAJOR TERROR PLOT IN KARACHI, ARRESTS TWO SUSPECTED SLA OPERATIVES

کراچی، 16 نومبر 2026 (کامران راجہ): کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی انٹیلی جنس ادارے کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کا ایک مبینہ بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا اور کالعدم سندھودیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) کے دو مشتبہ ارکان کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تیار حالت میں ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز آلہ (آئی ای ڈی) اور ایک دستی بم برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران مبینہ طور پر انکشاف ہوا کہ ملزمان نے کالعدم تنظیم سندھودیش لبریشن آرمی سے عسکری تربیت حاصل کی تھی اور کراچی میں اہم سکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور پاکستان رینجرز سے متعلق اہم سرکاری عمارتوں اور دفاتر کی مبینہ طور پر ریکی بھی کی تھی۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں شہر میں ممکنہ دہشت گردی کا خطرہ ٹال دیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کے سہولت کاروں، نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔