Thursday, November 12

قائداعظم ٹرافی: کراچی اور سیالکوٹ کی ٹیموں نے کامیابیاں حاصل کر لیں، دو میچز ڈرا

Karachi Blues, Sialkot Blues Claim Victories in Quaid-e-Azam Trophy Gold Round

اسلام آباد، 12 نومبر 2026 (غفران): قائداعظم ٹرافی گولڈ کے دوسرے راؤنڈ میں کراچی بلیوز اور سیالکوٹ بلیوز نے شاندار کامیابیاں حاصل کر لیں جبکہ دیگر دو میچز ڈرا پر ختم ہوئے۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کراچی بلیوز نے ملتان کو 275 رنز سے شکست دی، جبکہ راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں سیالکوٹ بلیوز نے فیصل آباد کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کراچی بلیوز نے اپنی دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ سیف اللہ بنگش 111 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ رمیز عزیز نے 170 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ملتان نے پہلی اننگز میں 216 رنز بنائے تھے، تاہم دوسری اننگز میں کراچی کے باؤلرز کے سامنے مزاحمت نہ کر سکی اور پوری ٹیم 130 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کراچی کی جانب سے محمد رضا نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے صرف 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ راولپنڈی میں سیالکوٹ بلیوز نے 187 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 21.3 اوورز میں حاصل کرکے فیصل آباد کو شکست دی۔ فیصل آباد نے دوسری اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے کیا، تاہم پوری ٹیم 280 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اطہر محمود اور حمزہ نذر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں محمد حریرہ نے 105 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر سیالکوٹ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ عبدالرحمان نے 48 رنز بنائے۔ ادھر ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور وائٹس اور اسلام آباد کے درمیان مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔ لاہور وائٹس نے دوسری اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز سے آگے بڑھاتے ہوئے 7 وکٹوں پر 251 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ زین بن فاروق نے 103 رنز بنائے جبکہ طیب طاہر 70 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 473 رنز بنائے تھے، جس میں عظیم باری کے 105 اور سرمد بھٹی کے 91 رنز نمایاں تھے۔ اسلام آباد کے نیشنل گراؤنڈ میں فاٹا اور پشاور بلیوز کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ فاٹا نے دوسری اننگز کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز سے کیا اور کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں پر 222 رنز بنائے۔ محمد سرور آفریدی صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 97 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ فواد ارشد نے ناقابل شکست 60 رنز بنائے۔