Thursday, November 12

انتخابات پر کروڑوں روپے خرچ کرکے ایک لاکھ ظاہر کرنا تشویشناک ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

Declaring Rs1 million expenditure after spending millions on elections is alarming, IHC remarks

اسلام آباد، 12 نومبر 2026 (کامران راجہ): اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات رکوانے سے متعلق درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جبکہ دورانِ سماعت ریمارکس دیے کہ انتخابات پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد صرف 10 لاکھ روپے اخراجات ظاہر کرنا انتہائی تشویشناک ہے۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے چوہدری امجد علی کی درخواست پر سماعت کی اور بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عادل عزیز قاضی نے مؤقف اختیار کیا کہ 2024 میں نئی حلقہ بندیاں کی گئیں، جس کے بعد انتخابات کا شیڈول جاری ہوا، تاہم 2026 میں نیا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس متعارف کرا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آرڈیننس وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جا چکا ہے، جبکہ اس کے نفاذ کے نتیجے میں سابقہ انتخابی شیڈول واپس اور پرانی حلقہ بندیاں ختم ہو گئیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ایک میٹروپولیٹن کارپوریشن کی گنجائش ہے جبکہ نئے آرڈیننس میں تین میٹروپولیٹن کارپوریشنز رکھی گئی ہیں، تاہم سابقہ حلقہ بندیاں بحال کیے بغیر ہی انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ نئی حلقہ بندیاں کس قانونی حکم کے تحت کی گئیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابی حلقہ بندیوں میں یونین کونسلز اور وارڈز کو اس طرح مکس کر دیا گیا ہے کہ ایک وارڈ میں صرف دو افراد موجود ہیں، جبکہ کاغذات نامزدگی کے لیے امیدوار، تجویز کنندہ اور تائید کنندہ سمیت کم از کم تین افراد درکار ہوتے ہیں۔ جسٹس عمیر مجید ملک نے استفسار کیا کہ کیا تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا اسی وارڈ سے ہونا ضروری ہے یا وہ پوری یونین کونسل سے بھی ہو سکتے ہیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ دونوں کا اسی وارڈ سے ہونا ضروری ہے۔ اس پر عدالت نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی وارڈ میں صرف دو افراد ہیں تو وہاں انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں؟ عدالت نے وکیل سے متعلقہ قانونی شق بھی بتانے کو کہا، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ بعد میں یہ شق عدالت کو فراہم کر دیں گے۔ وکیل نے مزید دلائل دیے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے تک ووٹر لسٹیں فراہم نہیں کی گئی تھیں، جس کے باعث شہریوں کو معلوم نہیں تھا کہ ان کے نام کس وارڈ میں درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جس کے بعد آخری تاریخ میں توسیع کرکے 8 نومبر کر دی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ پورا انتخابی عمل جلدبازی میں اور قانون کے خلاف ہو رہا ہے؟ وکیل نے استدعا کی کہ انتخابی عمل روکا جائے کیونکہ اگر شیڈول فوری معطل نہ کیا گیا تو عدالتی فیصلے سے قبل امیدواروں کے کروڑوں روپے خرچ ہو سکتے ہیں۔ اس پر جسٹس عمیر مجید ملک نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی کروڑوں روپے خرچ کرتا ہے تو اس میں عدالت کیا کر سکتی ہے؟ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ انتخابات پر کروڑوں روپے خرچ کرکے اخراجات صرف 10 لاکھ روپے ظاہر کیے جائیں۔ درخواست گزار کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔