
بیجنگ، 11 نومبر 2026 (کامران راجہ): چین نے اپنے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جس کے نتیجے میں اس منصوبے کا دائرہ دنیا کے تقریباً تین چوتھائی ممالک اور متعدد اہم عالمی اداروں تک پھیل گیا ہے۔ اس پیش رفت کا اعلان بدھ کو چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے شعبہ علاقائی اوپننگ اپ کے ڈائریکٹر جنرل لیانگ لن چونگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ 2013 میں شروع کیے گئے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو چین عالمی روابط کے فروغ اور عالمی اقتصادی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر پیش کرتا ہے۔ سی جی ٹی این کے مطابق، منگل کو ایک تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ بعنوان ’’بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ذریعے کھلی عالمی معیشت کی تعمیر‘‘ میں اس اقدام کو چین کی جانب سے کھلے پن کو بنیادی قومی پالیسی اور باہمی مفاد پر مبنی بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے عزم کی مثال قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی انحصار نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور کھلے پن کے ذریعے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چین اعلیٰ معیار کے معاشی کھلے پن کو وسعت دینے، ترقیاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور ملکی و بین الاقوامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ان کوششوں کے ذریعے چین عالمی چیلنجز کو ایسے مواقع میں تبدیل کرنا چاہتا ہے جو جامع ترقی اور باہمی فائدے پر مبنی کھلی عالمی معیشت کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں۔