Wednesday, November 11

برطانیہ کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر روس فوجی سطح پر بات چیت کے لیے تیار

Russia Open to Military Communication with Britain if London Makes Contact

ماسکو، 11 نومبر 2026 (غفران): روس نے برطانیہ کے ساتھ فوجی سطح پر رابطوں اور بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لندن کی جانب سے پہل کی گئی تو روسی وزارت دفاع اپنے برطانوی ہم منصب سے مذاکرات کے لیے تیار ہوگی۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے بدھ کو پریس بریفنگ کے دوران برطانوی وزیر دفاع ویس اسٹریٹنگ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ماسکو کے ساتھ رابطے کے اضافی ذرائع قائم کرنا چاہتا ہے، خصوصاً دونوں ممالک کی افواج کے درمیان رابطوں کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ کسی غلط فہمی یا غیر ارادی کشیدگی کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔ زاخارووا نے برطانوی وزیر دفاع کو روسی وزارت دفاع سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ روسی حکام فون کا جواب دیں گے اور بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ یوکرین جنگ کے باعث روس اور برطانیہ کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہیں، جبکہ لندن یوکرین کے مضبوط ترین حامیوں میں شامل ہے اور ماسکو کے خلاف مزید پابندیوں اور سفارتی دباؤ کا سرگرم حامی رہا ہے۔ فنانشل ٹائمز کو منگل کو شائع ہونے والے انٹرویو میں ویس اسٹریٹنگ نے کہا تھا کہ ماسکو میں برطانوی سفارت خانہ بدستور کام کر رہا ہے، تاہم وہ دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے مزید ذرائع چاہتے ہیں۔ دوسری جانب ماریا زاخارووا نے الزام عائد کیا کہ برطانیہ نے 2024 میں روسی سفارتی مشن کے ملٹری اتاشی کو ملک بدر کرکے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو محدود کیا تھا۔ انہوں نے اس اقدام کو جھوٹے جواز پر مبنی قرار دیتے ہوئے برطانوی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ برطانیہ نے اس وقت ملک بدر کیے جانے والے روسی سفارت کار پر غیر اعلانیہ فوجی انٹیلی جنس افسر ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔