
اسلام آباد، 11 نومبر 2026 (غفران): ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے افزودہ جوہری مواد کا ایک ذرہ بھی ملک سے باہر منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے گا، جبکہ امریکی حملے کی صورت میں سخت جوابی کارروائی کی بھی دھمکی دی ہے۔ ایرانی سکیورٹی چیف محسن رضائی نے لبنان کے ایران نواز ٹی وی چینل المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تہران اپنے افزودہ یورینیم پر مکمل اختیار برقرار رکھے گا اور اسے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی نئے حملے کا جواب ایران سے دور واقع امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی حکام نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی ضرورت کو کم اہم قرار دیا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لہجے میں بھی نسبتاً نرمی آئی ہے۔ محسن رضائی نے کہا کہ اس وقت تہران اور واشنگٹن کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایران کو جوہری توانائی سے چلنے والے بحری جہازوں اور آبدوزوں کی تیاری کے لیے افزودہ جوہری مواد کی ضرورت ہے اور تہران نے ماسکو کو بھی آگاہ کردیا ہے کہ یہ مواد ایران ہی میں رہے گا اور اسے خود استعمال کیا جائے گا۔ روس ماضی میں امریکہ کے تحفظات دور کرنے کے لیے ممکنہ معاہدے کے تحت ایران کا افزودہ یورینیم اپنے پاس رکھنے کی پیشکش کرچکا ہے، تاہم ماسکو کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ تہران نے کرنا ہے۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے مطابق جون 2025 میں اسرائیل اور امریکہ کے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں سے قبل ایران کے پاس 60 فیصد تک افزودہ 440.9 کلوگرام یورینیم موجود تھا، تاہم حملوں کے بعد اس مواد کی کتنی مقدار محفوظ رہی، اس بارے میں واضح معلومات دستیاب نہیں۔ امریکہ، اسرائیل اور دیگر مغربی ممالک طویل عرصے سے ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی کوششوں کا الزام عائد کرتے رہے ہیں، تاہم تہران ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔ واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ ابتدائی مذاکرات میں جوہری معاملات کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔ دوسری جانب ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے گزشتہ ہفتے رائٹرز کو بتایا تھا کہ تہران نے قطر کے ذریعے امریکہ کو جوہری تجویز بھجوائی ہے، تاہم اس پر بات چیت واشنگٹن کی جانب سے ایران کے پیش کردہ سات مطالبات پورے کرنے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔