Wednesday, November 11

ایرانی دھمکیوں کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو فوجی اڈے پر منتقل کردیا گیا

US Treasury Secretary Scott Bessent Relocated to Military Base Following Iranian Threats

اسلام آباد، 11 نومبر 2026 (کامران راجہ): امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو ایران کی جانب سے مبینہ جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ایک امریکی فوجی اڈے پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اس معاملے سے واقف دو افراد کے مطابق یہ اقدام سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا، جبکہ نیویارک ٹائمز نے بھی سب سے پہلے ان کی منتقلی کی خبر دی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں ایک سینئر انٹیلی جنس عہدیدار نے گزشتہ ماہ ایک یادداشت میں خبردار کیا تھا کہ امریکی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی مبینہ ایرانی سازشیں ایک اہم اور پیش رفتہ مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔ اسکاٹ بیسنٹ گزشتہ اگست سے ایران کے خلاف امریکی معاشی دباؤ کی مہم، جسے آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ کا نام دیا گیا ہے، کی قیادت کررہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد تہران کو بحری جہازوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے پر مجبور کرنا ہے۔ امریکی بحری ناکہ بندی کے ساتھ جاری اس مہم میں مشرق وسطیٰ کے بینکوں کی شاخوں اور ایران کے ساتھ مالی لین دین میں سہولت فراہم کرنے والے مالیاتی اداروں پر پابندیاں بھی شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی حکومت کی دھمکیاں وزیر خزانہ کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں اور وہ معاشی دباؤ کی مہم جاری رکھنے اور ناکہ بندی برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ معاملے سے واقف ایک ذریعے کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ کی سکیورٹی سے متعلق خدشات اس وقت مزید بڑھ گئے جب وال اسٹریٹ جرنل نے ان کی جارج ٹاؤن میں واقع 12.5 ملین ڈالر مالیت کی رہائش گاہ کی فضائی تصویر شائع کی، جس کے ذریعے گھر کے مقام کی نشاندہی ممکن ہوگئی۔ ذریعے نے بتایا کہ اسی سکیورٹی خدشے کے باعث انہیں فوجی اڈے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب ایران ماضی میں امریکی سرزمین پر حکام اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی سازشوں کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے، جبکہ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی حکام کا خیال ہے کہ ایران کی امریکہ اور دیگر بیرون ملک علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملے کرنے کی صلاحیت محدود ہے۔