لاہور، 10 نومبر 2026 (نوشین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آج جہلم اور پنڈ دادن خان کا دورہ کریں گی، جہاں وہ اربوں روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گی۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ جہلم میں کیتھ لیبز، شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں اور جمنازیم کا افتتاح کریں گی، جبکہ پنڈ دادن خان میں بھی بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہیں للہٰ جہلم روڈ منصوبے پر خصوصی بریفنگ بھی دی جائے گی۔ مریم نواز جہلم میں منعقدہ تقریب کے دوران طلبہ میں لیپ ٹاپس اور ہونہار اسکالرشپس کے چیک تقسیم کریں گی۔ سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات کو لیپ ٹاپس دیے جائیں گے، جبکہ سرکاری کالجوں کے 380 طلبہ بھی لیپ ٹاپس حاصل کریں گے، جن میں 329 طالبات اور 51 طلبہ شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ جہلم کے 109 طلبہ میں تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کی ہونہار اسکالرشپس بھی تقسیم کریں گی تاکہ انہیں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے میں معاونت فراہم کی جا سکے۔
